عمران خان اور ریحام میں طلاق ہوگئی

0
1474

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان اور ریحام خان میں طلاق ہوگئی.

پی ٹی آئی ترجمان نعیم الحق کے مطابق عمران خان اور ریحام خان نے ہاہمی رضا مندی سے طلاق کا فیصلہ کیا ہے.

نعیم الحق نے مزید کہا کہ معاملے کی سنجیدگی اور نزاکت کے پیش نظر میڈیا قیاس آرائیوں سے گریز کرے۔

پی ٹی آئی چیئرمین کے انتہائی قریبی ذرائع نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ “وہ دونوں ایک ساتھ نہیں چل سکتے.”

“ریحام خان سیاست میں آنا چاہتی تھیں، تاہم عمران خان ایسا نہیں چاہتے تھے، ریحام خان گھر میں نہیں بیٹھنا چاہتی تھیں”.

مزید پڑھیں:‘ریحام اب پی ٹی آئی تقریبات میں شریک نہیں ہوں گی’

یاد رہے کہ 2 ماہ قبل عمران خان نے ریحام خان پر پی ٹی آئی کی کسی تقریب یا فنکشن میں شرکت کرنے پر پابندی لگادی تھی، ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ریحام کو پارٹی میں کوئی عہدہ نہیں دیا جائے گا.

پی ٹی آئی کی کچھ تقاریب میں شرکت نے لوگوں کے ذہنوں میں اس تاثر کو جنم دیا کہ شاید ریحام خان سیاست کے میدان میں قدم رکھنے جارہی ہیں،تاہم عمران خان نے اس تاثر کو مسترد کردیا تھا.

عمران خان اور ریحام خان 10 ماہ قبل، 5 جنوری کو رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے تھے.

یہ بھی پڑھیں:عمران خان کا ریحام سے اسلام آباد میں نکاح

واضح رہے کہ عمران خان کی بہنیں اور اہلخانہ ریحام سے ان کی شادی سے لاعلم تھیں، ڈان نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین تحریک انصاف کی بہن علیمہ خان کا کہنا تھا کہ انہیں اپنے بھائی کی شادی کی اطلاع میڈیا کے ذریعے ہوئی۔

علیمہ خان نے اپنے بھائی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ عمران جہاں رہیں، خوش رہیں لیکن وہ شادی پر کوئی تبصرہ نہیں کرنا چاہتیں۔

عمران خان نے پہلی شادی جیمز گولڈسمتھ کی بیٹی جمائما گولڈسمتھ سے کی تھی۔ تاہم 1990 کے وسط میں اپنے سیاسی کیریئر کا آغاز کرنے والے عمران خان کو اپنی پہلی شادی کی وجہ سے مذہبی اور اعتدال پسند لوگوں کی جانب سے تنقید کا بھی نشانہ بنایا گیا تھا۔

عمران خان کی پہلی شادی نو سال برقرار رہنے کے بعد سال 2004 میں ٹوٹ گئی تھی۔

ریحام سے دوسری شادی کے بعد عمران خان کی سابقہ شریک حیات جمائمہ خان نے اپنے ایک ٹوئٹر پیغام میں عمران خان کے لیے دوسری شادی پر نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ انھیں امید ہے کہ عمران خان اپنے زندگی کے اس نئے دور میں خوش رہیں گے۔

NO COMMENTS

LEAVE A REPLY